اسلام آباد(آئی این پی) وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم کے تحت تاجربرادری کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے، ابتدائی طور پر 50 اسمارٹ پلیٹس جاری کردی گئی ہیں۔اپنے ایک بیان میں بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر رجسٹرڈ دکانداروں کو سبز رنگ کی پلیٹ جاری کرے گا، جو اس بات کا سرٹیفکیٹ ہوگی کہ دکاندار آسان ٹیکس اسکیم میں شامل ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جس دکان کے باہر ایف بی آر کی پلیٹ لگی ہوگی وہاں ایف بی آر اہلکار داخل نہیں ہوگا، آج اسلام آباد کے جی نائن میں باقاعدہ طور پر ایف بی آر کی پلیٹ لگا دی گئی ہے اور دکاندار اسکیم میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ہے اور ٹیکس بیس بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ کاروباری طبقے کے لیے ٹیکس نظام میں سہولت اور آسانی پیدا کی جا رہی ہے۔