ٹکٹ نہ پاسپورٹ‘شہری بغیر چیکنگ لاہورایئرپورٹ میں گھس گیا لائونج میں گھومتا رہا‘گرفتاری ‘مقدمہ درج

 بغیر ٹکٹ مسافر کا متعدد سکیورٹی چیکنگ پوائنٹس عبور کرکے انٹرنیشنل ڈیپارچر ایریا تک پہنچ جانا اے ایس ایف کے سکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالیہ نشان بن گیا
مشتبہ شخص جب واپس باہر نکلنے لگا تو اے ایس ایف اہلکاروں نے شک ہونے پر روک لیا‘35سالہ احمد علی سیالکوٹ کا رہائشی نکلا‘اہلکاروں کیخلاف کارروائی
لاہور(عدنان ملک)لاہور ایئرپورٹ پر  سیکورٹی فورس کی بڑی ناکامی، بغیر ٹکٹ مسافر ڈیپارچر ایریا تک پہنچ گیامشتبہ شخص بغیر ٹکٹ، پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کے ایئرپورٹ کے مختلف سیکورٹی مراحل عبور کرتے ہوئے ڈیپارچر بریفنگ ایریا تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص ایئرپورٹ لاؤنج کے اندر کافی دیر تک گھومتا پھرتا رہا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کو اس کے بغیر ٹکٹ اندر موجود ہونے کا بروقت علم نہ ہوسکا۔ مشتبہ شخص جب واپس باہر نکلنے لگا تو اے ایس ایف اہلکاروں کو شک ہوا اور چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا  اس کے پاس سفر کے لیے کوئی ٹکٹ موجود نہیں۔ ذرائع کے مطابق بغیر ٹکٹ مسافر کا متعدد سیکیورٹی چیکنگ پوائنٹس عبور کرکے انٹرنیشنل ڈیپارچر ایریا تک پہنچ جانا اے ایس ایف کے سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالیہ نشان بن گیا‘اے ایس ایف نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا ‘ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا‘پولیس کے مطابق مشتبہ شخص سے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا، جس کی شناخت 35 سالہ احمد علی ولد محمد شہباز کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق احمد علی تحصیل پسرور، ضلع سیالکوٹ کا رہائشی ہے۔مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے الزام میں احمد علی کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں پولیس کی مدعیت میں دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔واقعے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں کی انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔ حکام نے کہا ہے انکوائری رپورٹ میں جس اہلکار یا ذمہ دار کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوگی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔