صدر ٹرمپ سے ایران کے خلاف جاری جنگ ختم اور امریکی فوجیوں کی واپسی کا مطالبہ ، روس پر پابندیاں سخت کرنے کا بل بھی منظورکرلیا گیا
قرارداد کی منظوری کے باوجود نافذ ہونے کیلئے سینیٹ کے مرحلے سمیت مزید آئینی اور قانونی مراحل درکار ہوں گے‘وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کیلئے بھی قرارداد پیش
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف جنگی اختیارات محدود کرنے کیلئے ایک قرارداد منظور کر لی ہے، جس میں صدر سے ایران کے خلاف جاری جنگ ختم کرنے اور امریکی فوجیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایوان نمائندگان کی جانب سے ایران جنگ کے حوالے سے یہ تیسری مرتبہ ہے کہ صدر کے جنگی اختیارات محدود کرنے کی کوشش کی گئی ہے، قرارداد کی منظوری میں ڈیموکریٹس کے ساتھ بعض ریپبلکن ارکان نے بھی حمایت کی۔یہ ووٹنگ نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے چند ہفتے قبل ہوئی ہے، ڈیموکریٹ ارکان نے اسے ایران جنگ کے حوالے سے اپنی اب تک کی اہم ترین کوشش قرار دیا ہے۔قرارداد کی منظوری کے باوجود اس کے عملی طور پر نافذ ہونے کیلئے سینیٹ کے مرحلے سمیت مزید آئینی اور قانونی مراحل درکار ہوں گے جبکہ امریکی ایوانِ نمائندگان کے ریپبلکن رکن تھامس میسی نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی قرارداد پیش کر دی۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی نے ہیگستھ پر کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائیاں کرنے، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور فوجی کارروائیوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے