عدلیہ میں ججز کے ذاتی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، بیرسٹر گوہر

عدلیہ میں ججز کے ذاتی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، بیرسٹر گوہر

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عدلیہ میں ججز ذاتی اختلافات رکھتے ہیں اور یہ کھل کر سامنے آ چکے ہیں، جس پر سپریم کورٹ کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمیشہ مانا جاتا ہے، لیکن اگر ججز کے آپس میں اتنے جھگڑے ہیں تو عوام کو انصاف کہاں سے ملے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جج کو جوڈیشل کام سے نہیں روکا جاسکتا، عدالت عظمیٰ کو اس حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ ہمارے زیر التواء کیسز میں قانون کے مطابق فیصلے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سزاؤں اور نااہلی کے معاملے کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے تاکہ حتمی لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کو پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کا ایک بہت بڑا جلسہ ہوگا جس میں ملک بھر سے کارکنان اور عوام شرکت کریں گے۔اسی دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کریں گے۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور صوبے کے فنڈز سے متعلق اہم بریفنگ دی جائے گی۔