بلوچستان میں بڑی واردات موٹرسائیکل سوار وں نیکیش وین کو اسلحہ کے زور پرروکا ، عملہ یرغمال بناکر لوٹا اور فرار
کوئٹہ(خصوصی رپورٹ)بلوچستان کے ضلع کیچ میں رواں سال سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے،جہاں ایم ایٹ شاہراہ پر ڈاکو دن دہاڑے کیش وین سے 22 کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے۔ موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے پہلے وین کو اسلحہ کے زور پر روکا اور عملہ کو یرغمال بناکر لوٹ مار کی۔لٹنے والی نجی سکیورٹی کمپنی کی کیش وین میں دو نجی بینکوں کی مجموعی طور پر 22 کروڑ 5 لاکھ روپے کی رقم موجود تھی۔کیش وین کیچ سے کراچی جارہی تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور اعلی ٰحکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ضلع انتظامیہ نے اس بڑی ڈکیتی کی واردات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واردات کے دوران ڈاکوئوں نے وین کے عملے کو یرغمال بنا ئے رکھا۔ ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔