اسلام آباد ہائی کورٹ: نان و روٹی کی قیمتوں کا معاملہ پیر تک حل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ہائی کورٹ: نان و روٹی کی قیمتوں کا معاملہ پیر تک حل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نان و روٹی کی قیمتوں سے متعلق کیس میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ پیر تک نان بائی ایسوسی ایشن سے ملاقات کر کے قیمتوں کا معاملہ حل کرے۔

یہ ہدایت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کے دوران جاری کی، جس میں صدر نان بائی ایسوسی ایشن سجاد عباسی اور دیگر نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت عدالت نے واضح کیا کہ اگر پیر تک قیمتوں کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو عدالت میں طلب کیا جائے گا۔عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے اپنے سابقہ حکم میں توسیع کرتے ہوئے، حراست میں لیے گئے دو نانبائیوں کی فوری رہائی کا بھی حکم دیا۔درخواست گزار کے وکیل عمر اعجاز گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ نے ان کے دو ممبران کو گرفتار کر کے تھانے میں بند کر رکھا ہے۔
جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے:“دیکھ لینا، کہیں انہیں قتل کیس میں نہ ڈال دیا ہو۔”وکیل نے وضاحت دی کہ ایسا کوئی الزام نہیں لگایا گیا، صرف حراست میں لیا گیا ہے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ پیر تک نان بائی ایسوسی ایشن سے ملاقات کر کے قیمتوں کے تعین کا معاملہ حل کریں، بصورتِ دیگر انہیں عدالت میں طلب کیا جائے گا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔