روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ہم منصب احمد الشرع کا گرمجوشی سے استقبال کیا
ماسکو (آئی این پی)شامی صدر احمد الشرع نے کہا ہے کہ وہ روس کے ساتھ تعلقات کو ازسرِنو متعین کرنا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے یہ بات روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ماسکو میں ہونے والی پہلی ملاقات میں کہی ۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹیلی وژن کیمروں کے سامنے شامی ہم منصب احمد الشرع کا گرمجوشی سے استقبال کیا، تاہم بند دروازوں کے پیچھے ملاقات میں توقع تھی کہ شامی صدر روس سے اپنے پیش رو بشار الاسد کی حوالگی کا مطالبہ کریں گے، جو برطرفی کے بعد وہاں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ملاقات کے آغاز پر صدر احمد الشرع نے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان روابط کو نئے انداز میں متعین کرنا چاہتے ہیں تاکہ شام کی خودمختاری، وحدتِ ارضی اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے صدر پیوٹن سے کہا کہ ہم ان تعلقات کی نوعیت کو نئے سرے سے واضح اور متوازن کرنا چاہتے ہیں تاکہ شام ایک خودمختار، متحد اور محفوظ ملک بن سکے