بیرسٹر گوہر کی علامہ ناصر عباس سے ملاقات، عمران خان کی صحت اور جیل میں سہولیات پر تبادلہ خیال

بیرسٹر گوہر کی علامہ ناصر عباس سے ملاقات، عمران خان کی صحت اور جیل میں سہولیات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات ہوئی، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی موجودہ صورتحال، صحت اور جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر خان نے علامہ ناصر عباس کو عمران خان سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں بانی پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر عمران خان کی صحت، طبی سہولیات اور اہلِ خانہ سمیت وکلا سے ملاقات کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران عمران خان کی جانب سے چیف جسٹسز کے نام لکھے گئے خط کے مختلف نکات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خط میں اٹھائے گئے معاملات اور بانی پی ٹی آئی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کی صحت اور طبی سہولیات سے متعلق تحفظات فوری طور پر دور کیے جائیں اور انہیں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقات کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے قانونی اور خاندانی معاملات سے متعلق رابطہ رکھ سکیں۔اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔