راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے وکلاء کو روک دیا گیا
راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں آج عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن تھا، لیکن بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور ظہیر عباس چودھری کو ملاقات سے روک دیا گیا۔ ان وکلا کی گاڑی کو جیل کے قریب ناکے پر روکا گیا اور بعد ازاں انہیں پیدل بھی جیل جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔سلمان اکرم راجہ نے اس صورتحال پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ملاقات پہلے ہی طے تھی اور ان کے نام بھی جیل حکام کو بھیجے گئے تھے، اس کے باوجود ان کا روکا جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
اس دوران، عمران خان کی فیملی ممبران بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لیے جیل پہنچے، جن میں مہرالنساء اور مبشرہ شیخ شامل تھے۔ ملاقات کی اجازت کے بعد وہ جیل کے اندر روانہ ہوئے۔علاوہ ازیں، پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب جمع ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں پر دھاوا بول دیا، اور میڈیا کے مطابق چار کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔