مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد حاصل ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا اس عمل میں پورا کردار ہے اور سب کو پاکستان کے مفاد میں سوچنا چاہیے۔علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بانی، عمران خان، آئین اور قانون کی بالادستی کے حامی ہیں اور وہ کبھی بھی یہ نہیں کہیں گے کہ انہیں رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس آخری موقع ہے کہ وہ حالات کو درست کرے اور مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر یہ جانچا جائے گا کہ حکومت کی نیت کیا ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے، جس کی صدارت قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کر رہے ہیں۔ کمیٹی کے ارکان نے تلاوت کلام پاک کے بعد ملک و قوم کی بہتری اور مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ حکومتی کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناء اللّٰہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف اور فاروق ستار شامل ہیں، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ ناصر عباس مذاکرات میں شریک ہیں۔