تہران: ایران کے ممتاز شیعہ مذہبی رہنما اور مرجعِ تقلید آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی 105 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ان کے دفتر نے باضابطہ اعلامیے کے ذریعے وفات کی تصدیق کردی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ وحید خراسانی کے دفتر سے جاری بیان میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ انہوں نے اپنی زندگی دینی علوم کے حصول، تحقیق، تدریس، مذہبی تعلیمات کے فروغ اور اہلِ بیت سے متعلق شعائر کی ترویج کے لیے وقف کر رکھی تھی۔دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آیت اللہ وحید خراسانی کی نمازِ جنازہ، تدفین اور تعزیتی اجتماعات کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ ان کے انتقال پر دینی حلقوں، حوزہ ہائے علمیہ اور شیعہ برادری میں سوگ کی فضا ہے۔
تعلیم اور علمی خدمات
ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ وحید خراسانی نے ابتدائی دینی تعلیم مشہد میں حاصل کی، جہاں سے انہوں نے اسلامی علوم کے باقاعدہ مطالعے کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ فقہ اور دیگر دینی علوم کی تعلیم، تحقیق اور تدریس سے وابستہ رہے اور کئی دہائیوں تک علمی و تدریسی سرگرمیاں جاری رکھیں۔وہ ایران کے معروف دینی علما میں شمار ہوتے تھے اور حوزہ علمیہ کے ایک ممتاز استاد کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے۔ ان کے دفتر کے اعلامیے میں بھی ان کی علمی خدمات، دینی تعلیم کے فروغ اور متعدد علما کی تربیت کا ذکر کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق آیت اللہ وحید خراسانی 2018 تک تدریسی سرگرمیوں میں مصروف رہے، تاہم بیماری اور صحت کے مسائل کے باعث بعد میں باقاعدہ تدریس جاری نہ رکھ سکے۔