45 سال یازائد عمرمستحق خواتین بھی بی آئی ایس پی میں شامل

چھ بینک نظام سے منسلک ،اب خواتین کسی مخصوص ادائیگی مرکز کی پابند نہیں ہونگی 
 ایک کروڑ سے زائد مستفید خاندانوں میں سے 50 لاکھ پنجاب کے رہائشی :روبینہ خالد 
لاہور(خصوصی رپورٹ)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی بورڈ نے 45 سال یا اس سے زائد عمر کی ایسی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے جنکی کبھی شادی نہیں ہوئی۔ اب یہ خواتین بھی مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے پر بی آئی ایس پی سے مالی معاونت حاصل کر سکیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کیا۔روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد مستفید خاندانوں میں سے تقریباً 50 لاکھ خاندانوں کا تعلق پنجاب سے ہے۔ یہ اعدادوشمار واضح کرتے ہیں کہ قومی فلاحی پروگرام بی آئی ایس پی کسی سیاسی وابستگی کے بغیر ملک بھر کے مستحق خاندانوں کی معاونت کر رہا ہے۔ مستحق خواتین کو آسان اور شفاف ادائیگیوں کیلئے ڈیجیٹل موبائل والٹس اور انٹر آپریبلٹی پیمنٹ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔ ون لنک کے ذریعے چھ پارٹنر بینکوں کو اس نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔ اب خواتین کسی مخصوص ادائیگی مرکز کی پابند نہیں ہوں گی بلکہ اپنی سہولت کے مطابق ملک بھر میں کسی بھی متعلقہ بینک کے مجاز ایجنٹ یا ریٹیلر سے رقم وصول کر سکیں گی۔خواتین کو مفت سمز فراہم کی گئی ہیں اور ان کے نام پر ڈیجیٹل والٹ اکا ئونٹس فعال ہوچکے۔ رقم اکا ئونٹ میں منتقل ہونے اور نکلوانے پر ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ خواتین اپنے موبائل ، سم اور بینک میسج کو محفوظ رکھیں۔ کسی بھی غیر قانونی کٹوتی یا فراڈ پرمتعلقہ بینک یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر میں شکایت درج کروائیں۔ غیر قانونی کٹوتیوں یا بدعنوانی میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کسی طرح کی ناجائز کٹوتی پر اب بینک جوابدہ ہونگے۔بعد ازاں روبینہ خالد نے بینیفشری خواتین سے بھی ملاقات کی، انکے مسائل سنے اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ انکی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی لاہور ڈویڑن کے اجلاس میں بھی عملے کو ہدایت جاری کیں۔