نئے صوبوں سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو کوئی حرج نہیں: عبدالعلیم خان

 صوبوں پر ریفرنڈم ضرور ہونا چاہیے‘ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے بغیر لوگوں کی داد رسی نہیں ہو سکتی 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی حمایت کر دی۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر موقف بہت واضح ہے، ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب میں نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں، کیونکہ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے بغیر لوگوں کی داد رسی نہیں ہو سکتی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی بادشاہت کو فرق پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں، بادشاہت صرف اللہ کی ہے، بندے کی کوئی بادشاہت نہیں، نئے صوبوں سے کسی کی حکمرانی کو سکڑنے کا خدشہ نہیں ہوناچاہیے۔صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ جب تک نئے صوبے نہیں بنتے عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا، جنوبی پنجاب کے عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے لیے ووٹ دیتے ہیں تو یہ خوش آئند ہوگا۔صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے طریقہ کارکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم ضرور ہونا چاہیے۔