پاکستان کا بھلا کرنا ہے تو سیاسی پارہ نیچے لایا جائے: خواجہ سعد رفیق

 پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں سے مقتدرہ کے تعلقات بہتر ہونے میں ریاست کا مفاد ہے
لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے مقتدرہ، حکومت اور جمعیت علمائے اسلام ف کے درمیان تنازعے کا مزید سنگین ہونا وطنِ عزیز کیلئے سخت نقصان کا باعث ہوگا، ابھی بات بہت دور نہیں گئی، معاملات کو سمیٹ لینا اور سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لانا ہی ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک تفصیلی پیغام میں قومی سلامتی کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ تمام تر فکری و نظریاتی فاصلوں کے باوجود ہمارے بیرونی دشمنوں کی پشت پناہی سے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے پاکستانی ریاست کے خلاف اسٹریٹجک الائنس بنا چکے ہیں، ٹی ٹی پی ہوں یا بی ایل اے ان کے مقابلے میں پاکستان کے آئین اور پرچم کو ماننے والی تمام نمائندہ قوتوں کو داخلی سیاسی اختلافات کے باوجود ریاست کے ساتھ کھڑا رہنا چاہیئے اور مقتدرہ سے ان کا جھگڑا ختم ہونا چاہیئے، سیاسی حقیقتیں دباؤ میں تو لائی جا سکتی ہیں لیکن سختی سے ختم نہیں ہوتیں اور تاریخ کا سبق یہی ہے کہ سیاسی قوتوں اور مقتدرہ کی لڑائی میں ہمیشہ نقصان پاکستان ہی کا ہوا ہے۔