بشری ٰبی بی کوہسپتال منتقل کرنے کی ایک اور متفرق درخواست دائر

بشریٰ کو عینک کے ساتھ بھی سامنے بیٹھے افراد کو سیاہ شکل نظر آتی ہے ، درخواست 
 سیل سے سانپ نہیں نکلا، باقاعدگی سے جراثیم کش اسپریکیا جاتا ،سپرنٹنڈنٹ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر وکلا کی بانی پی ٹی آئی اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے جیل ملاقات کے بعد بڑی پیش رفت ہوئی ہے ،بشری ٰبی بی کو علاج کے لئے ہسپتال منتقل کرنے کی ایک اور متفرق درخواست دائرکردی گئی،وکلاء لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ 10 نومبر کی ملاقات میں بانی نے بشری بی بی کی صحت کی سنگینی سے متعلق بتایا کہ بشری بی بی نے 15 نومبر کو ممکنہ آنکھ کی سرجری سے متعلق بھی آگاہ کیا،بشریٰ بی بی کو دیکھنے میں مشکلات کا سامنا تھا،بشری ٰبی بی کو آنکھ میں تکلیف کا بھی سامنا ہے،آنکھوں میں تکلیف میں شکایت کے سات سے آٹھ دن بعد جیل میں ڈاکڑ نے طبی معائنہ کیا،بشری بی بی کے مطابق ڈاکڑ نے بتایا کہ ان کی کرٹیکل سرجری ہوگی،بشری ٰبی بی کو بتایا گیا کہ سرجری سے آنکھ کی بینائی جاسکتی ہے، درخواست میں 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کراتے ہوئے مزیدکہاگیا کہ بشریٰ بی بی کی بائیں اور دائیں آنکھ میں موتیے کی تشخیص ہوئی ہے،جیل حکام کے مطابق ان کا آپریشن 15 نومبر 2026 کو متوقع ہے،بشریٰ بی بی نے ملاقات کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی بینائی شدید متاثر ہے، بشریٰ بی بی عینک کے بغیر دیکھنے سے قاصر ہیں،عینک کے ساتھ بھی سامنے بیٹھے افراد کو صرف ایک سیاہ شکل کے طور پر دیکھ سکتی ہیں،آنکھوں میں شدید درد کے باعث وہ روزانہ پیناڈول اور ٹونوفلیکس کی دو گولیاں لے رہی ہیں،جیل حکام کو شکایت کے باوجود ماہر ڈاکٹرز 7 سے 8 دن بعد معائنے کے لیے آئے،جیل کے جس بڑے ہال نما کمرے میں وہ قید ہیں وہاں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہیں،بشریٰ بی بی کے کمرے میں حشرات، کاکروچ، اور سنڈیاں موجود ہیں،ماضی میں کمرے سے 7 چھوٹے سانپ نکلنے کے بعد وہ حصے سیمنٹ سے بند کیے گئے،جیل میں دستیاب ڈیوٹی ڈاکٹر گائناکالوجسٹ ہیں نہ کہ آئی سپیشلسٹ،ناقص صفائی و حشرات کے کاٹنے کے خطرے کے پیشِ نظر آپریشن کے بعد انفیکشن سے مستقل بینائی جانے کا شدید خطرہ ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کیا جائے،طبی اور سرجری کے لئے تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں،ضروری نگہداشت و علاج کی غرض سے فوری طور پر کسی مستند اسپیشلائزڈ ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔ادھر اڈیالہ جیل حکام نے بشریٰ بی بی کے سیل سے سانپ نکلنیکی خبروں کی تردیدکردی۔سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کا کہنا ہیکہ جیل میں خواتین بیرک سے سانپوں کی موجودگی میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ جیل میں قیدیوں بالخصوص خواتین قیدیوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جاتا ہے۔سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کے مطابق جیل مینوئل کے مطابق خواتین قیدیوں کی جیل سہولیات، صحت اور صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ قیدیوں کے سیلز اور بیرکوں میں باقاعدگی سے جراثیم کش اسپریکیا جاتا ہے۔سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کا کہنا تھا کہ جیل میں موذی جانوروں سے پاک ماحول کو یقینی بنایا جاتا ہے۔