راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں اور سری لنکا کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ پاکستان نے میچ کے لیے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہوئے چار فاسٹ بولرز کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ سری لنکن بیٹنگ لائن کو جلد نقصان پہنچایا جائے اور حریف ٹیم کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کیا جائے۔
بابر اعظم نے بتایا کہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور آل راؤنڈر عامر جمال کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچ پر ہمیں ایک اضافی فاسٹ بولر کی ضرورت محسوس ہوئی، اسی لیے ٹیم میں یہ تبدیلی کی گئی ہے۔دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان نے بھی میچ کے لیے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی تصدیق کی ہے۔
میچ کے دوران راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر شہر بھر میں پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تقریباً 6 ہزار افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی نگرانی اور رہنمائی کے لیے سینئر پولیس افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں، جو مختلف مقامات پر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم اور اس کے اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مختلف مقامات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
خصوصی کنٹرول روم قائم، پولیس کے مختلف دستے متحرک
سی پی او کے مطابق سکیورٹی انتظامات کی مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں سے شہر کی صورتحال اور مختلف مقامات پر تعینات پولیس نفری کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ تھانوں کی موبائل گاڑیاں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ کے اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شائقین کو اسٹیڈیم تک رسائی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے اور کھیل کا ماحول پُرامن بنایا جاسکے۔