لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں نوجوان نسل کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ مستقبل کے رہنما اور ملک کی ترقی کے مضبوط ستون ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہے اور طلبہ ہی مستقبل میں قومی ترقی اور خوشحالی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ ٹیکنالوجی سے واقفیت بھی انتہائی ضروری ہے۔ جدید علوم اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ نوجوان نہ صرف اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملکی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پنجاب کا ہر طالب علم تعلیم کے یکساں مواقع حاصل کرے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھنے کے قابل ہو۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو محض تعلیمی کامیابیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں تعمیر ملت اور قومی ترقی کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوانوں کی محنت، صلاحیتیں اور مثبت سوچ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔مریم نواز شریف نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ نظم و ضبط، محنت، دیانت داری اور خدمت کے جذبے کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کے مطابق کامیاب مستقبل کے لیے علم کے حصول کے ساتھ کردار سازی اور ذمہ داری کا احساس بھی ضروری ہے۔