جے شاہ دوسری بار بلامقابلہ آئی سی سی کے سربراہ منتخب

38سالہ جے شاہ اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے‘ آئی سی سی
بالی (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جے شاہ کو دوسری مرتبہ بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا ہے، وہ مزید دو سال تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔آئی سی سی کے مطابق 38 سالہ جے شاہ اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے۔ بالی میں ہونے والے اجلاس کے دوران آئی سی سی کے ڈائریکٹرز نے ان کا نام دوسری مدت کے لیے تجویز کیا، جس کے بعد انہیں دوبارہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔دوبارہ انتخاب پر جے شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لیے بڑے اعزاز کے ساتھ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے آئی سی سی کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ اپنی تاریخ کے اہم اور دلچسپ دور میں داخل ہو رہی ہے۔ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے اور نوجوان کھلاڑیوں اور مداحوں کو اس کھیل کی طرف راغب کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کرے گی۔جے شاہ پہلی مرتبہ اگست 2024 میں آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور اس وقت وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے کم عمر ترین شخصیت بنے تھے۔