احسن خان کے بعد دوبارہ کسی سے محبت نہیں ہوئی:اداکارہ لیلیٰ

 زندگی میں ایک ایسا وقت بھی آیا جب مجھے شدید مشکلات، ذاتی صدمات اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا:اداکار ہ کی گفتگو
لاہور (شوبز ڈیسک) فلم و ٹی وی کی سابق اداکارہ لیلیٰ نے معروف اداکار احسن خان کو اپنی پہلی محبت قرار دیدیا۔ ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے لیلیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں زندگی میں صرف ایک مرتبہ حقیقی محبت ہوئی اور وہ محبت احسن خان کے ساتھ تھی۔دونوں کی راہیں اس وقت جدا ہوگئی تھیں جب ان کی عمریں محض 17 برس تھیں، تاہم وہ احسن خان کی شخصیت اور ان کے مثبت رویے کو آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔لیلیٰ نے احسن خان کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک ایسا وقت بھی آیا جب انہیں شدید مشکلات، ذاتی صدمات اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا‘ اس مشکل دور میں ان کے بعض قریبی دوستوں نے بھی ان سے رابطہ ختم کرلیا تھا لیکن احسن خان نے انہیں فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور حوصلہ دیا۔شادی سے متعلق سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ زندگی میں پیش آنے والے مسلسل صدمات اور گھریلو ذمہ داریوں نے انہیں شادی کے بارے میں سوچنے کا زیادہ موقع نہیں دیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ احسن خان کے بعد انہیں دوبارہ کبھی ایسی محبت محسوس نہیں ہوئی۔