شوہر غصے میں ہوتو جواب دینے کے بجائے خاموش رہنا بہتر ہے:لیلیٰ زبیری

ہم میاں بیوی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے، ایک دوسرے سے معذرت کرنے اور معاملہ سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں
کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ لیلیٰ زبیری نے میاں بیوی کے درمیان ہونے والے اختلافات اور غصے کی صورتحال سے نمٹنے سے متعلق اہم مشورہ دے دیا۔لیلیٰ زبیری نے خواتین کو مشورہ دیا کہ جب شوہر غصے میں ہوں تو فوری طور پر بحث میں الجھنے یا جواب دینے کے بجائے خاموش رہنا بہتر ہے، کیونکہ غصے کی حالت میں دیا گیا فوری ردعمل صورتِ حال کو مزید خراب کرسکتا ہے۔اداکارہ کے مطابق جب میاں یا بیوی میں سے کوئی غصے میں ہو تو اسے کچھ وقت دینا چاہیے تاکہ وہ پرسکون ہوسکے، جس کے بعد اختلاف کی اصل وجہ پر بات کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ میں اور میرے شوہر نے شادی کے آغاز ہی میں یہ طے کر لیا تھا کہ ہم کبھی ایک دوسرے سے ناراض ہو کر نہیں سوئیں گے۔اداکارہ کے مطابق دونوں میاں بیوی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے، ایک دوسرے سے معذرت کرنے اور معاملہ سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ رات سونے سے پہلے ناراضی ختم ہو جائے۔