اوپن ایکسیز صارفین کیلئے گرڈ چارجز 6.23 سے 32.56 روپے فی یونٹ تک مقرر
اسلام آباد (بیورو رپورٹ )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے ملک بھر میں بجلی نیٹ ورک استعمال کرنے کی یکساں قیمت لاگو کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیپر نے بجلی نیٹ ورک استعمال کرنے کے چارجز (یو او ایس سی)یکساں لاگو کرنے کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے اوپن ایکسیز صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز مختلف کیٹیگریز کے حساب سے مقرر کردی۔نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا کہ بولی کے عمل میں حصہ لینے والے صارفین کے لیے ویری ایبل گرڈ چارجز 6.23 سے 19.62 روپے فی یونٹ مقرر جبکہ اس عمل سے باہر اوپن ایکسیز صارفین کے لیے سٹرینڈڈ قیمت کے ساتھ گرڈ چارجز 19.17 سے 32.56 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔فیصلے کے مطابق نیپرا نے ملک بھر میں 11 کے وی کے لیے 8.04 فیصد جبکہ 132 کے وی کے لیے 1.51 فیصد یکساں ترسیلی نقصان کی بھی منظوری دے دی جس کے تحت تمام فکسڈ گرڈ چارجز 1.00 روپیہ فی کلوواٹ ماہانہ کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے۔نیپرا فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اضافی چارجز تمام صارفین اوپن ایکسیز اور عام صارفین پر یکساں لاگو ہوں گے۔ نیپرا نے وفاقی حکومت کو فیصلے کی گزٹ نوٹیفکیشن 30 دن کے اندر جاری کرنے کا حکم جاری کیا۔نیپرا نے تمام ڈسکوز کو آئندہ سال کے لیے فوری طور پر یو او ایس سی پٹیشنز جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیپرا کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا کا فیصلہ مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام میں اہم سنگِ میل ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ یوز آف سسٹم چارج کا تعین سی ٹی بی سی ایم کے لیے آخری اہم ریگولیٹری اقدام تھا، یوز آف سسٹم چارج کے تعین سے پہلے سی ٹی بی سی ایم نیلامی کی راہ ہموار ہوگئی ۔وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ مسابقتی بجلی مارکیٹ پاکستان کو روایتی واحد خریدار نظام سے آگے لے جائے گی، اہل صنعتی صارفین پہلی بار اپنی پسند کے بجلی فراہم کنندگان سے بجلی خرید سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسابقتی مارکیٹ کے ذریعے صنعتی صارفین دوطرفہ بنیادوں پر بجلی خرید سکیں گے، مسابقتی بجلی مارکیٹ کے فوائد صرف صنعتی صارفین تک محدود نہیں رہیں گے۔