طبی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کیلئے نو ممتاز ملکی و غیر ملکی اعزازی اساتذہ مقرر

اسلام آباد (آئی این پی )جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل نے صحت عامہ، طبی علوم، سائنسی تحقیق، طبی اور مصنوعی ذہانت کے نو ممتاز ملکی و غیر ملکی ماہرین کو اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں اعزازی اساتذہ مقرر کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طبی تعلیم، تحقیق، اساتذہ کی تربیت اور جامعات و طبی صنعت کے درمیان اشتراک کو نئی وسعت دینا ہے۔ان تقرریوں کا اعلان کالج کی مجلسِ علمی کے 86ویں خصوصی اجلاس میں کیا گیا، جس میں جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کے گروپ چیف ایگزیکٹو یاسر خان نیازی، سٹی یونیورسٹی اسلام آباد اور اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر)  پروفیسر محمد اسلم، کالج کی پرنسپل پروفیسر صفیہ شوکت اور دیگر اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔وائس چانسلر نے ماہرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے تدریسی معیار بہتر بنانے، طلبہ کی رہنمائی اور تحقیق کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔اعزازی اساتذہ میں سابق معاونِ خصوصی وزیراعظم برائے صحت اور عالمی ادار صحت کے سابق سینئر عہدیدار پروفیسر ظفر مرزا، قومی ادار صحت کے سربراہ پروفیسر محمد سلمان، وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے خاتم ہیپاٹائٹس سی کے ڈائریکٹر پروفیسر ضیا اللہ خان داوڑ، اسلام آباد ڈائیگناسٹک سینٹر کے بانی پروفیسر رضوان اپل، ممتاز جوہری طبیعیات دان اور پاکستان میں نینو ٹیکنالوجی کے بانیوں میں شامل پروفیسر این ایم بٹ، ماہرامراضِ غدد و ذیابیطس اوردی ڈائبیٹیز سینٹر کے بانی پروفیسر اسجد حمید، قومی ادار صحت کے مرکز برائے انسدادِ امراض کے سربراہ پروفیسر ممتاز علی خان، امریکا اور کینیڈا میں چار دہائیوں کا تجربہ رکھنے والے فرانزک سائنس اور تجربہ گاہوں کے ماہر پروفیسر جاوید اقبال خان اور برطانیہ کی السٹر یونیورسٹی سے وابستہ طبی مصنوعی ذہانت کے ماہر پروفیسر محمد عثمان ہادی شامل ہیں