اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو طلبہ کو تعلیم دینے کے ساتھ موسمی سبزیاں بھی اگانا ہوں گی،محکمہ تعلیم نے کچن گارڈننگ لازمی قرار دے دی

سرکاری سکولز میں سبزیاں اگانے کی تیاری
 پر نسپلز اور ہیڈ ماسٹرز سبزیوں کی کاشت، پانی دینے اور روزمرہ نگہداشت کیلئے ذمہ دار شخص مقرر کریں: محکمہ سکول ایجوکیشن ،تصاویر روزانہ متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کرنے کی بھی ہدایت،تازہ سبزیاں سکول کے فلاحی کاموں یا طلبہ کے استعمال میں بھی لائی جا سکیں گی
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کچن گارڈننگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو طلبہ کو تعلیم دینے کے ساتھ سکولوں کی حدود میں موسمی سبزیاں بھی اگانا ہوں گی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام ایجوکیشن افسران کو فیصلے پر اضلاع کی سطح پر عملدرآمد کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف انتظامی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ مراسلے کے مطابق تمام سرکاری سکولوں میں موسمی سبزیوں کی کاشت لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ایک ذمہ دار شخص مقرر کریں جو سبزیوں کی کاشت، پانی دینے اور روزمرہ نگہداشت کا پابند ہوگا۔ سکول انتظامیہ کو سبزیوں کی افزائش اور دیکھ بھال کی تصاویر روزانہ متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اقدام کا مقصد طلبہ میں ماحول دوستی، کچن گارڈننگ اور خود انحصاری کا شعور پیدا کرنے کے ساتھ سکولوں کی خالی زمین کو کارآمد بنانا ہے، جبکہ اگائی جانے والی تازہ سبزیاں سکول کے فلاحی کاموں یا طلبہ کے استعمال میں بھی لائی جا سکیں گی۔