خلیجِ فارس میں بدامنی کی وجہ امریکہ و اسرائیل کی جارحیت ہے، عباس عراقچی

 خطے میں کشیدگی توانائی کے تحفظ کو متاثر کر رہی ہے، رکن ممالک میں تعاون مزید اہم ہو گیا 
 اسلام آباد(آئی این پی ) ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے خطے میں سلامتی کا ایک ایسا نظام قائم کرنے پر زور دیا ہے جس کی بنیاد ایک دوسرے پر حملہ نہ کرنے اور ہمسایہ ممالک کے درمیان زیادہ تعاون پر مبنی ہو۔پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)  کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے واشنگٹن اور اسرائیل پر ایسی پالیسیاں اپنانے کا الزام لگایا جن سے خطے کا امن و استحکام متاثر ہوا، سمندری سکیورٹی کو نقصان پہنچا اور توانائی کی فراہمی کو خطرات لاحق ہوئے۔ یران کے خبر رساں ادارے تسنیم کی جانب سے جاری کردہ عباس عراقچی کی تقریر کے متن کے مطابق، وزیرِ خارجہ نے کہا کہ خلیجِ فارس میں بدامنی اور آبنائے ہرمز کے گرد پیش آنے والے واقعات کی وجہ، ان کے بقول، امریکا کی ایران مخالف پالیسیاں اور امریکا و اسرائیل کی مشترکہ جارحیت ہے۔عباس عراقچی نے دعوی کیا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران 5 ہزار سے زیادہ ایرانی شہری ہلاک ہوئے، جن میں مناب کے ایک اسکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔ ان کے بقول، ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور کئی اعلی سیاسی و فوجی حکام بھی مارے گئے۔عراقچی نے کہا کہ ایران مسلسل سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا رہا ہے، تاہم انہوں نے امریکا پر فوجی جارحیت، معاشی دبا، پابندیاں عائد کرنے اور ناکہ بندیوں کا سہارا لینے کا الزام لگایا۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ تہران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات چاہتا ہے اور ان ممالک کے ساتھ اس کا کوئی بنیادی تنازع نہیں ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین اور فوجی تنصیبات دوسرے ممالک کے خلاف حملوں کیلئے  استعمال نہیں ہونی چاہئیں۔ان کا کہناتھا خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات کو ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لئے   استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ایران کے وزیرِ خارجہ نے موقف اختیار کیا کہ ایران کے جوابی حملوں کا ہدف پڑوسی ممالک کے عوام یا حکومتیں نہیں بلکہ ان ممالک کے فوجی اڈے اور تنصیبات تھیں جنہیں وہ ایران پر حملوں کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔عباس عراقچی نے ای سی او ممالک پر زور دیا کہ وہ مکالمے، باہمی احترام اور عدم جارحیت کے اصولوں کی بنیاد پر ایسا علاقائی سلامتی کا نظام قائم کریں جس میں تمام ممالک شامل ہوں اور جس کی قیادت خطے کے ممالک خود کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت کسی تیسرے فریق کو ایک ملک کی سرزمین، فضائی حدود یا بنیادی ڈھانچے کو دوسرے ملک پر حملے کے لیے استعمال کرنے سے روکا جانا چاہیے۔  وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی توانائی کے تحفظ کو متاثر کر رہی ہے اور اس صورتِ حال میں رکن ممالک کے درمیان تعاون مزید اہم ہو گیا ہے۔عباس عراقچی نے تجویز دی کہ توانائی کی ترسیل کو محفوظ بنانے، اس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے اثرات سے بچا کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور پائیدار علاقائی نظام قائم کیا جائے۔اجلاس میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے تجارت، نقل و حمل اور توانائی کو ای سی او کے مستقبل کے تعاون کے تین اہم ستون بھی قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ معیشتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ مربوط کرنے سے رکن ممالک بیرونی دبائو کا بہتر مقابلہ کر سکیں گے۔