کمپنی سنوفی کی ویکسین ہیگزازم کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی عائد
فیلڈ فورس فوری طور پر مارکیٹ میں چھاپے مار کر جعلی بیچ کی ویکسین کو ضبط کریں
بچوں کو جعلی ویکسین ہرگز نہ لگائیں ، اس کا استعمال بچوں کی جان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے:ڈریپ
اسلام آباد(آئی این پی ) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان(ڈریپ) نے ایک سال سے کم عمر بچوں کو چھ جان لیوا امراض سے بچانے والی معروف ملٹی نیشنل کمپنی سنوفی کی ویکسین ہیگزازم کی جعلی سپلائی کا انکشاف کرتے ہوئے ایک ہنگامی ریپڈ الرٹ جاری کر دیا اور والدین سے کہا گیا ہے کہ ایک سال سے کم عمر بچوں کو یہ جعلی ویکسین ہرگز نہ لگائیں۔رپورٹ کے مطابق ڈریپ نے ملٹی نیشنل کمپنی سنوفی کے برانڈ نام سے مارکیٹ میں دستیاب ہیگزازم (Hexaxim) ویکسین کے بیچ نمبر X3H42V کو جعلی قرار دے دیا ۔اتھارٹی نے اس جعلی بیچ کی خرید و فروخت اور استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے اور طبی ماہرین بالخصوص ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کو یہ جعلی ویکسین ہرگز نہ لگائیں کیونکہ اس کا معیار غیر واضح ہے اور اس کا استعمال معصوم بچوں کی جان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔معاملے کا اس وقت انکشاف ہوا جب سنوفی کے پاکستانی ڈسٹری بیوٹر (ہوئسٹ پاکستان) نے مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی اس جعلی ویکسین کی اطلاع دی۔ہوئسٹ پاکستان نے واضح طور پر اس جعلی ویکسین کی وائل پیکنگ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے ادارے نے یہ مخصوص بیچ امپورٹ ہی نہیں کیا۔ڈریپ کے مطابق مارکیٹ میں دستیاب اس ویکسین کی وائل پیکنگ رجسٹرڈ ہی نہیں ہے، کیونکہ اصل ہیگزازم ویکسین دراصل پری فلڈ سرنج کی شکل میں رجسٹرڈ اور دستیاب ہوتی ہے۔واضح رہے کہ ہیگزازم ایک سال سے کم عمر بچوں کو چھ خطرناک امراض سے تحفظ فراہم کرنے والی انتہائی اہم ویکسین ہے، جس میں خناق (ڈفتھیریا)، کالی کھانسی، تشنج (ٹیٹنس )، پولیو، ہیپاٹائٹس بی اور انفلوئنزا شامل ہیں۔ اس کی روک تھام کیلئے ڈریپ نے تمام صوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔صوبائی ڈرگ حکام اور فیلڈ فورس کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر مارکیٹ میں چھاپے مار کر اس جعلی بیچ کی ویکسین کو ضبط کریں۔ اس کے علاوہ ڈریپ نے ہدایت کی ہے کہ اگر اس جعلی ویکسین کے استعمال سے کوئی منفی اثرات سامنے آئیں تو اس کی فوری اطلاع نیشنل فارماکوویجیلنس سنٹر کو دی جائے۔