اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے آئینی اختیارات سے متعلق اپنا سابقہ حکم تبدیل کرتے ہوئے ہائیکورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر درخواستوں کی سماعت کی اجازت دے دی۔وفاقی آئینی عدالت نے واضح کیا ہے کہ 5 نومبر کے حکم کے تحت عائد پابندی کا اطلاق صرف گورنر راج اور مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او ) آرڈیننس کے تحت خیبرپختونخوا میں ہونے والی گرفتاریوں سے متعلق معاملات پر تھا دیگر آئینی درخواستوں کی سماعت جاری رکھی جا سکتی ہے۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے پیر کو یہ وضاحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے آئینی دائرہ اختیار سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران جاری کی۔سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیر سٹر گوہر علی خان نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے حکم سے پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواستوں کی سماعت متاثر ہوئی جس کے باعث وکلا کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔اس پر بینچ نے واضح کیا کہ پابندی کا مقصد گورنر راج اور ایم پی او کے تحت حراست سے متعلق معاملات تک محدود تھا، پشاور ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر درخواستوں کی سماعت کر سکتی ہے