لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی بلال احمد نے سٹی ڈویژن میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں، ناکہ جات اور حساس مقامات کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے شاہدرہ، سگیاں، لاری اڈہ، شاد باغ، بادامی باغ اور داتا دربار سمیت دیگر اہم علاقوں میں پیٹرولنگ اور ناکہ بندی پوائنٹس کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی سٹی بلال احمد نے موقع پر موجود اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے تاکید کی کہ ناکہ بندی کے دوران مشکوک افراد اور گاڑیوں کی مؤثر چیکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ایس پی سٹی نے اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دورانِ چیکنگ خوش اخلاقی کو ہرگز نہ چھوڑیں اور عوام سے بہترین رویہ اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ہاٹ سپاٹ ایریاز کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اہلکار حفاظتی اقدامات کو اپناتے ہوئے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایس پی سٹی بلال احمد کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔