پنجاب: ڈینگی بے قابو، وبا پھلنے کا خدشہ
ڈینگی کنٹرول سرگرمیوں میں سنگین غفلت ،انسدادِ لاروا کارروائیاں ناقص، غیر موثر اور بے ربط،، محکمانہ ٹیمیں بروقت رسپانس دینے میں ناکام، ہنگامی بنیادوں پر سپرے، سخت ترین سرویلنس کی جائے:چیئرمین ڈی ای اے جی پروفیسر ڈاکٹر محمد خرم
لاہور( خصوصی رپورٹ )پنجاب میں ڈینگی کا بڑا بحران سر اٹھانے لگا، فیصل آباد، ملتان اور جنوبی پنجاب میں ڈینگی ‘‘بے قابو وباء ’’کے خدشے پر ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ (ڈی ای اے جی)کا ہنگامی الرٹ جاری ، پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال خطرناک موڑ میں داخل ہوگئی ۔ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے سرکاری اداروں کو سخت ترین وارننگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیصل آباد، ملتان اور جنوبی پنجاب میں ڈینگی کے کیسز ‘‘قابو سے باہر ہونے’’کے قریب ہیں ، حکومتی اقدامات میں سنگین کوتاہیاں صورتحال مزید بگاڑ رہی ہیں۔ جاری ہنگامی مراسلے میں ڈی ای اے جی نے لکھا ہے کہ فیصل آباد اور ملتان میں ڈینگی کیسز خوفناک تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور اگر فوری کارروائی نہ کی تو ایک بڑی وباء پھوٹ سکتی ہے۔ ڈی ای اے جی کے مطابق 180 ویں اور 181 ویں اجلاسوں میں محکمہ صحت اور انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا ہے جس میں بھرپور ناکامیوں، بدانتظامی اور فیلڈ انسپیکشن میں شدید خامیوں کی نشاندہی ہوئی،ڈینگی کنٹرول سرگرمیوں میں سنگین غفلت برتی جا رہی ہے،انسدادِ لاروا کارروائیاں ناقص، غیر موٓثر اور بے ربط ہیں، محکمانہ ٹیمیں بروقت رسپانس دینے میں ناکام رہیں جبکہ سرویلنس کیلئے فیلڈ میں موجود افسروں کی عدم دلچسپی واضح ہے۔مراسلے میں لکھا ہے کہ صورتحال اب اس نہج پر پہنچ چکی کہ محض انتظامی غفلت وبا ء کو جنم دے سکتی ہے ، اکثر اضلاع میں حفاظتی اقدامات برساتی پانی کی طرح صرف ‘‘کاغذی کارروائی’’ثابت ہو رہے ہیں۔ ڈی ای اے جی نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر فوری طور پر کارروائی نہ کی گئی تو فیصل آباد اور ملتان میں موجودہ کیسز آئندہ چند ہفتوں میں کئی گنا بڑھ سکتے ہیں،فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، قصور، ساہیوال، رحیم یار خان،اٹک اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر سپرے، صفائی مہم، پانی جمع ہونے والے مقامات کی نشاندہی، سخت ترین سرویلنس اور فیلڈ ٹیموں کی روزانہ رپورٹنگ لازمی کی جائے۔ مراسلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ڈھیلا پن یا تاخیر ‘‘براہ راست عوام کی جانوں’’کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ چیئرمین ڈی ای اے جی پروفیسر ڈاکٹر محمد خرم نے تمام اداروں کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اب مزید کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، صورتحال کو سنبھالا نہ گیا تو چند اضلاع میں ڈینگی قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔