نئی دہلی سرفہرست ،صوبائی دارلحکومت میں سموگ کی اوسط شرح 429،گوجرانوالہ میں 593 ریکارڈکی گئی
لاہور(خصوصی رپورٹ )لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں اتوار کو بھی دوسرے نمبر پر رہا،بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اے کیو آئی 702 کے ساتھ سرفہرست۔ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 429 ریکارڈ کی گئی، راوی روڈ کے علاقے کا اے کیو آئی 1198، لوئر مال کا 810 اور ایف سی کالج کے اطراف کا ایئر کوالٹی انڈیکس 706 ریکارڈ کیا گیا علاوہ ازیں پاکستان میں گوجرانوالہ سب سے زیادہ آلودہ ترین شہر ہے جہاں اے کیو آئی 593 تک پہنچ گیا ، فیصل آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس 365 ، ملتان میں 299 ، پشاور میں 172 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، غیر ضروری باہر آنے جانے سے گریز کرنے اور گھروں میں ایئر پیوریفائر کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے، ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے، ٹریفک کے دباوٓ اور صنعتی اخراج کے باعث شہر کی فضا بدترین آلودگی کا شکار ہو رہی ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک ،میدانی علاقوں میں سموگ جبکہ چند مقامات پر ہلکی دھند کا امکان ظاہر کیا ہے۔