سی ایس ایس:بینائی کے مرض میں مبتلا ، محسن خالد کی ملک میں دوسری پوزیشن

 لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس آفیسر محسن خالد نے سنٹرل سپیریئر سروسز (CSS) امتحان 2025 میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک بھر میں دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔کامیابی کے بعد محسن خالد نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے محسن خالد کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور ان کے والدین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق محسن خالد پیدائشی طور پر بینائی کے مرض میں مبتلا ہیں، تاہم انہوں نے ہمت اور محنت سے اس چیلنج کو شکست دیتے ہوئے یہ نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کا انتحاب (پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروسز) میں ہوا ہے، جو ملک کی اعلیٰ ترین سول سروسز میں شمار ہوتی ہے۔محسن خالد اس وقت سپیشل برانچ پنجاب میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے 2025 میں بطور انٹیلی جنس آفیسر پولیس ڈیپارٹمنٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ محسن خالد نے نہ صرف اپنی محنت سے کامیابی حاصل کی بلکہ محکمہ پولیس کا نام بھی روشن کیا ہے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود کامیابی حاصل کرنا ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ انہوں نے محسن خالد کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید آئیڈیاز کے ساتھ عوامی خدمت کو یقینی بنائیں اور اپنی ٹریننگ بھرپور محنت اور لگن سے مکمل کریں۔محسن خالد کی یہ کامیابی نوجوانوں، بالخصوص خصوصی افراد کے لیے ایک روشن مثال قرار دی جا رہی ہے۔