راوی پل کی تعمیر و مرمت ،خوبصورتی کا منصوبہ تیار

 22 کروڑ 53 لاکھ 57 ہزار روپے کا تخمینہ ،مانومنٹ بھی تعمیر کیا جائے گا 
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے داخلی راستوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے ایل ڈی اے نے ایک اور قدم اٹھا لیا،ٹھوکر نیاز بیگ کی ری ماڈلنگ کے بعد اب راوی پل کی حالت بہتر بنانے اور بیوٹیفکیشن کے لئے منصوبہ تیار کر لیا گیا ،22 کروڑ 53 لاکھ 57 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ تفصیل کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے نے راوی پل کی مرمت، بیوٹیفکیشن اور اربن لینڈ سکیپنگ کے تحت ترقیاتی کاموں کا حکم دے دیا ۔راوی پل کے ساتھ گینٹری، ٹریفک سائن ایج، اور ایک منفرد مانومنٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ٹھوکر نیاز بیگ کی طرز پر راوی پل سے ملحقہ جگہ پر اربن اویسس بنایا جائے گا تاکہ شہر میں داخلی راستے پر ماحول دوست خوبصورتی قائم ہو سکے۔نیازی انٹرچینج پر واقع پرانے راوی پل کی موجودہ حالت ناگفتہ بہ ہے۔پل کی سڑک پر جگہ جگہ اسفالٹ غائب ، جوائنٹس خستہ حال ہو چکے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ خستہ حال جوائنٹس سے پل کے سٹرکچر کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جنہیں فوری طور پر دور کرنا ناگزیر ہے۔