پاک بھارت سیز فائر کو مستقل بنانے کیلئے امریکا اور خلیجی ممالک کے ساتھ مل کر کوششیں جاری:برطانیہ

پاک بھارت سیز فائر کو مستقل بنانے کیلئے امریکا اور خلیجی ممالک کے ساتھ مل کر کوششیں جاری:برطانیہ

برطانیہ کے وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ وہ امریکا اور خلیجی ممالک کے ساتھ مل کر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو مستقل اور پائیدار بنانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کو مستحکم بنانے کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی کام ہو رہا ہے، تاکہ خطے میں امن قائم رہے۔انہوں نے بتایا کہ برطانیہ، پاکستان کے ساتھ مل کر انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں بھی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے متعلق بھارتی اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ برطانیہ تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک اہم بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس کی پاسداری خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔برطانوی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ جب عالمی قوانین کی بات ہوتی ہے تو ہم تمام فریقین سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ ان قوانین اور معاہدوں کا احترام کریں تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔