افغانستان میں 20 ہزار سے زائد شدت پسند موجود ، کالعدم ٹی ٹی پی کے چھ ہزار سے زائد جنگجو افغان سر زمین پر پناہ لئے ہوئے ہیں
افغان رجیم صرف ظلم و بربریت پر یقین رکھتی ہے ‘پاکستان شدت پسندی کے سنگین چیلنج کا سامنا کر رہا ہے: کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ کر دنیا کو محفوظ بنایا، افغانستان میں 20 ہزار سے زائد شدت پسند موجود ہیں جبکہ کالعدم ٹی ٹی پی کے چھ ہزار سے زائد جنگجو افغان سر زمین پر پناہ لئے ہوئے ہیں،افغان رجیم صرف ظلم و بربریت پر یقین رکھتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے انسداد دہشت گردی کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ دہشتگردی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا ہمیں آج سامنا ہے،پاکستان دہشتگردی کی جنگ میں 100ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھا چکا ہے،ہمیں انتہا پسندی کا بھی سامنا ہے۔عطا اللہ تارڑ کاکہناتھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں،پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ کر دنیا کو محفوظ بنایا، انہوں نے کہاکہ افغان مہاجرین سے ہماری مہمان نوازی اور محبت کی دنیا گواہ ہے،پاکستان نے 10سال تک 40لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی،افغان رجیم صرف ظلم و بربریت پر یقین رکھتی ہے،پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے مفاد میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان مختلف بین الاقوامی اور سفارتی فورمز پر افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی سر زمین شدت پسندوں کو استعمال نہ کرنے دے