بھارت اور پاکستان سیز فائر پر متفق ہو گئے ہیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

 بھارت اور پاکستان سیز فائر پر متفق ہو گئے ہیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک فوری طور پر سیز فائر پر متفق ہوگئے ہیں۔

 ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی ثالثی میں دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، اور بھارت و پاکستان نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر سیز فائر پر اتفاق کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اگر بھارت امن کا خواہاں ہے تو پاکستان بھی تیار ہے، تاہم خبردار کیا کہ اگر ایک بھی اشتعال انگیز کارروائی کی گئی تو پاکستان اپنی طاقت کا بھرپور جواب دے گا۔اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے رابطے کی بھی تصدیق کی، جنہوں نے دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، کیونکہ موجودہ صورتحال دنیا کے لیے قابلِ برداشت نہیں ہے۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے جارحانہ اقدامات کا بھرپور جواب دیتے ہوئے آپریشن "بنیان مرصوص" کا آغاز کیا، جس کے دوران پاکستان نے بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی افواج نے بھارت کے اہم ایئر بیسز اور سپلائی ڈپو کو تباہ کردیا، جن میں آدھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، اور سرسہ شامل ہیں۔پاکستانی افواج کے اس جوابی آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سیز فائر پر اتفاق کیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔