امریکی دفاعی تجزیہ کار نے بھارتی بیانیے کو بے نقاب کرتے ہوئے پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کردی

امریکی دفاعی تجزیہ کار نے بھارتی بیانیے کو بے نقاب کرتے ہوئے پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کردی

بین الاقوامی دفاعی تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے بھارت کے یکطرفہ بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔

 ایک حالیہ پروگرام میں فیئر نے کہا کہ بھارتی عوام کشمیر میں پیش آنے والے ہر واقعے کے پیچھے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانے پر بضد ہیں، جبکہ پاکستانی عوام کو یقین ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے بھارتی ناظرین کی جانب سے اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکار کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ بھارتی بیانیہ اکثر حقائق کو نظر انداز کرتا ہے اور بھارت اپنی حدود سے تجاوز بھی کرتا ہے۔کرسٹین فیئر نے بھارتی مصنف اویناش پالیوال کی کتاب My Enemy’s Enemy کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کتاب میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ الزام تراشی صرف ایک طرف سے نہیں ہو رہی بلکہ دوسری طرف بھی سوالات ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کرسٹین فیئر نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔ اس سے قبل بھی انہوں نے بھارتی فضائیہ کے ان دعوؤں کو مسترد کیا تھا جن میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی ایئرفورس نے پاکستانی طیارے مار گرائے تھے۔ ایک پروگرام میں انہوں نے بھارتی ڈی جی ملٹری آپریشنز کے دعوے کو "بکواس" قرار دیا کیونکہ اس کی کوئی تصدیق نہیں ہے۔کرسٹین فیئر کا یہ کھلا اور بے باک موقف بھارت کے ان حلقوں کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے جو صرف اپنے یکطرفہ بیانیے کو سننا چاہتے ہیں۔ ان کی حق گوئی نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر تقویت دی ہے اور بھارتی بیانیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔