لاہور ٹریفک پولیس کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لائونج میں ٹریفک کیاسک لگانے کا فیصلہ
مسافر اپنا ویزا اور موجودہ ڈرائیونگ لائسنس دکھا کر انٹرنیشنل لائسنس حاصل کر سکیں گے، پرنٹ فوری فراہم کیا جائیگا
لاہور (آئی این پی )بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کر دی گئی۔ اب انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ لاہور ٹریفک پولیس نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لائونج میں ٹریفک کیاسک لگانے کا فیصلہ کیاہے۔ٹریفک حکام کے مطابق مسافر صرف اپنا ویزا اور موجودہ ڈرائیونگ لائسنس دکھا کر ایئرپورٹ پر ہی موقع پر انٹرنیشنل لائسنس حاصل کر سکیں گے۔لائسنس کا پرنٹ فوری طور پر فراہم کیا جائے گا۔مزید یہ کہ اس کے ذریعے لرنر، لوکل اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید بھی ممکن ہوگی۔ٹریفک کیاسک میں 24 گھنٹے آن لائن سہولیات دستیاب ہوں گی تاکہ شہری کسی بھی وقت خدمات حاصل کر سکیں۔ٹریفک حکام کے مطابق رواں ماہ کے دوران شہر میں ٹریفک کیاسک کی تعداد 10کر دی جائے گی جبکہ اگلے مالی سال میں یہ تعداد 100تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔