اپنے گھر کو مزید ٹھیک کرنا ہے، مضبوط ہوں گے تو کوئی چیلنج نہیں کر سکے گا: شہریار آفریدی

 اے پی سی بلانی چاہیے،بانی پی ٹی آئی اوراخترمینگل کوبھی لاناچاہیے، ہم کسی قسم کی فیور نہیں چاہتے،انٹرویو
 اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کہاہے کہ قوم کے جذبے اور صبرکو سلام پیش کرتے ہیں، ہم پر جب بھی آزمائش آتی ہے قوم ایک ہو جاتی ہے،اللہ ہمیں متحد رکھے،10مئی کے دن نے قوم کے جذبے میں نئی روح پھونکی ہے، ہم نے اپنے گھر کو مزید ٹھیک کرنا ہے، جب ہم گھر سے مضبوط ہوں گے تو کوئی ہمیں چیلنج نہیں کر سکے گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ10مئی کے بعد دنیا کو پتا چلا پاکستانی قوم کتنی متحد ہے۔ ایئرفورس نے نئی تاریخ رقم کی، ہم سب متحد ہیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے ایک دوسرے کو اہمیت نہیں دی، 10مئی کے بعد وہ پاکستان بن گیا جس میں جوانوں کے سر اٹھ گئے ہیں، قوم نئے حوصلے کے ساتھ جینا شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا اے پی سی بلانی چاہیے،بانی پی ٹی آئی اوراخترمینگل کوبھی لاناچاہیے، ہم کسی قسم کی فیور نہیں چاہتے،ہم نے ایک ساتھ ملکر بیٹھنا ہے، بانی پی ٹی آئی سے لاکھ اختلاف ہو،لیکن وہ لوگوں کے دلوں میں دھڑکتے ہیں، ملک کیلئے ذاتی پسند ناپسند نہیں ہونی چاہیے۔