کنٹرول لائن کا دورہ شہداء کے ہر قطرہ خون کا مودی سے بدلہ لیں گے:حافظ نعیم

حکومت آزاد کشمیر سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں میں ہر مرد و زن کو عسکری تربیت دے ، جماعت اسلامی اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں
ڈونلڈ ٹرمپ اگر ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کرے گا تو قوم تسلیم نہیں کرے گی: دورے کے دوران اجتماعات سے خطاب 
ہجیرہ ، عباس پور (آئی این پی ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیں گے ، حکومت آزاد کشمیر سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں میں ہر مرد و زن کو عسکری تربیت دے ، جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستان کے پچیس کروڑ عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ، پاکستان نظریے کا نام ہے ، پاک فوج نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے ، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آگے بڑھے ،ڈونلڈ ٹرمپ اگر ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کرے گا تو قوم تسلیم نہیں کرے گی، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے ،مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا امریکی صدر ٹرمپ نے ثالثی کا کہا ہے ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حل طلب مسئلہ موجود ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیز فائر لائن کے دورے کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا  کشمیری شہداء کے خون سے بے وفائی کرنے والوں کو پاکستانی قوم عبرت کا نشان بنائے گی ، جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کر رہی ہے اور صبح آزادی تک کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بٹل سے کراچی تک سیز فائر لائن سے لے کر گلگت بلتستان اور خیبر تک پوری قوم یک جان اور یک زبان ہے ، پاکستانی قوم نے تمام تر اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے ایٹمی پاکستان ہی کشمیریوں کی امید ہے