یوم تشکرگلی گلی‘شہر شہر فتح کا جشن بھارت کاغرور نشان عبرت بن چکا:شہبازشریف
آرمی چیف نے مجھے 9 مئی کی رات فون پر کہا بھارت نے ہمارے ایئرپورٹ پر میزائل لانچ کئے ہیں،ہمیں اجازت دیں ہم دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں وہ عمر بھر یاد رکھے‘پھردنیا نے دیکھا دشمن کو سرچھپانے کی جگہ نہ ملی
یوم تشکر کا موقع صدیوں بعد ملتا ہے، پوری قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے‘وہ دشمن جو خود کو ایشیاء کا تھانیدار سمجھتا تھا اس کے چھ طیارے گرائے :پاکستان مونومنٹ میں تقریب سے خطاب‘مسلح افواج کے سربراہوں کی شرکت
وزیراعظم اور آرمی چیف کی سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر آمد،اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار‘‘ عثمان یوسف کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا‘سی ایم ایچ کا دورہ‘دفاع وطن کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ہم نے بھارت کے پانچ جہاز گرائے مگر کل کامرہ ایئربیس پر ایئر چیف نے مجھے بتایا کہ پانچ نہیں چھ جہاز گرائے، ہم نے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔یہ بات انہوں نے پاکستان مونومنٹ میں یوم تشکر کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، وفاقی کابینہ کے ارکان، غیرملکی سفارت کار، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور دیگر وزرا شریک ہوئے‘اس موقع پر فضاؤں میں جنگی جہازوں نے اپنی کارکردگی کا مظاہر کیا جس پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ گلوکاروں کی جانب سے ملی نغمے پیش کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وطن کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، بھارتی حملے میں مائیں بہنیں اور جوان شہید ہوئے، ہم نے بھارت کے پانچ جہاز گرائے مگر کل کامرہ ایئربیس پر ایئر چیف نے مجھے بتایا کہ پانچ نہیں چھ جہاز گرائے۔ ہم نے ان کے رافیل، اور ڈرونز بھی گرائے اس کے باوجود دشمن دھمکیاں دیتا رہا، آرمی چیف نے مجھے نو مئی کی رات فون پر کہا بھارت نے ہمارے ایئرپورٹ پر میزائل لانچ کیے ہیں، وزیراعظم ہمیں اجازت دیں ہم دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں کہ وہ عمر بھر یاد رکھے۔ دنیا نے دیکھا کہ ہم نے پٹھان کوٹ، ادھم پور اور کہاں کہاں حملے کیے کہ دشمن کو سرچھپانے کی جگہ نہیں ملی، جوابی حملے کے بعد جنرل عاصم منیر کا دوسرا فون آیا ہم نے دشمن کو بھرپور جواب دیا ہے اور وہاں سے سیز فائر کی پیشکش آئی ہے تو میں نے کہا کہ اسے قبول کریں۔انہوں نے کہا آج یوم تشکر ہے یہ موقع صدیوں بعد ملتا ہے، پوری قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے، دس مئی کو کروڑوں پاکستانیوں نے فوج کی فتح کے لیے دعائیں کیں، ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں، وہ دشمن جو خود کو ایشیا کا تھانے دار سمجھتا تھا اس کے چھ طیارے گرائے جن میں رافیل سمیت مگ طیارے بھی شامل تھے جبکہ بہت سارے ڈرونز بھی گرائے۔وزیراعظم نے اس موقع پر دوست ممالک کے نام لے کر ان کا شکریہ ادا کیا مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں ںے بہادری کے ساتھ ایشیا میں امن کے لیے قدم اٹھایا۔قبل ازیں وزیراعظم ہائوس میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی‘اس موقع پر شہبازشریف نے کہا پاکستان ایک پر امن ملک ہے لیکن ہم اپنے دفاع میں بھرپور جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔یوم تشکر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیانے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔ جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔انہوں نے کہا کہ ہ بہادر افواج نے دشمن کو جواب دیکر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، قوم کی طرف سے جنرل عاصم منیرکا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیںوزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سکوارڈن لیڈر عثمان شہید کے گھر آمد،اہلخانہ سے تعزیت کااظہار کیا،معرکہ حق کی کامیابی وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کی گھر پہنچے اور شہید کے اہلِخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے اظہار تعزیت کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے شہید کے اہلِخانہ سے ملاقات کی اور وزیر اعظم اور آرمی چیف نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔وزیراعظم پاکستان نے معرکہ حق کے دوران سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔یوم تشکر کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات ہوئیں اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا