لاہور (کرائم رپورٹر)عید الفطر پر بینکوں سے مطلوبہ تعداد میں نئے نوٹ حاصل کرنا شہریوں کیلئے مشکل ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں نئے نوٹوں کی بلیک میں فروخت جاری ہے۔ بینکوں میں محدود تعداد اور مختلف شرائط کے تحت نئے نوٹ دیئے جا رہے ہیں جس پر زیادہ تر شہری اوپن مارکیٹ کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔شاہراہوں اور مارکیٹوں میں نئے کرنسی نوٹ بلیک میں فروخت ہو رہے ہیں۔ دس کے نئے نوٹوں کی کاپی کیلئے چھ سے سات سو روپے اضافی وصول کئے جا رہے ہیں۔ بیس کے نوٹوں کی کاپی سات سے آٹھ سو جبکہ پچاس کے نئے نوٹوں کی کاپی ہزار سے بارہ سو روپے اضافی میں فروخت ہو رہی ہے۔ سو کے نئے نوٹوں کی کاپی بھی آٹھ سو سے ہزار روپے اضافی میں مل رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عید پر بچوں کو عیدی دینے کیلئے نئے نوٹ ضروری سمجھے جاتے ہیں تاہم بینکوں سے نوٹ لینا مشکل ہے ، اوپن مارکیٹ سے خریدنا مہنگا مگر آسان ہے۔