وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے اختیارا ت گورنر کو منتقل‘ نئے نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری فیول سبسڈی دسمبر تک جاری رہے گی:شہبازشریف

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان ، کویت دفاعی تعاون معاہدے  اور10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے کی  منظوری‘ جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے سیکیورٹی فیچرز بڑھانے کیساتھ جدید میٹریل کا استعمال کیا جائیگا
 ایل پی جی مافیا کا دورختم  ، ایل پی جی درآمد  کرکے عام آدمی کو ریلیف دیں گے ، جو پمپ ریلیف پیکیج پرپٹرول نہیں دے رہے ان کیخلاف کارروائی کی جائے،ریفائنریز کو کہا قیمتوں کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالنے دیں گے
بجلی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا، فوڈ سبسڈی پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ،کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں کارروائی کی جائیگی :شہبازشریف کا وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال 
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وفاقی کابینہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے اختیارات روزمرہ کے امور کی انجام دہی کیلئے گورنر خیبر پختونخوا کو منتقلی کی منظوری دے دی ہے۔کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق،نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور دس روپے کے نوٹ کی جگہ دس روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری بھی دے دی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔۔ کابینہ کو نئے کرنسی نوٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹس کے ڈیزائن کیلئے ملک بھر سے مصوروں و ڈیزائنرز سے تجاویز لی گئیں اور وزیرِ اعظم کی جانب سے قائم کر دہ کابینہ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس پر تفصیلی مشاورت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے سیکیورٹی فیچرز بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید میٹریل کا استعمال کیا جائیگا جس سے نوٹوں کی استعمال کی میعاد میں بھی اضافہ ہوگا۔وفاقی کابینہ نے دس روپے کے بینک نوٹ کی جگہ دس روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری بھی دے دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں(سی سی اوایس او ایز)کے 26 اکتوبر کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی‘کابینہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا  عالمی امن و استحکام کے لئے  پاکستان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں، خطے میں باہمی تعاون بڑھانے کیلئے  مکہ دفاعی معاہدہ کیاگیا ،وزیر اعظم نے  ایل پی جی امپورٹ کرکے عام آدمی کو ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ایل پی جی مافیا کا دورختم ہوچکا ہے، ایل پی جی امپورٹ کرکے عام آدمی کو ریلیف دیں گے ،بجلی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا، فیول سبسڈی دسمبر تک جاری رہے گی ۔   وزیراعظم نے پیٹرول پمپس پر بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی گئی،  ریلیف پیکج کی مد میں 28ارب روپے رکھے گئے،  جس سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد براہ راست استفادہ کر چکے ہیں ۔ یہ پروگرام دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔جو پیٹرول پمپس ریلیف پیکج پرپیٹرول نہیں دے رہے   ایسے پیٹرول پمپس کو صرف بند نہیں کیا جائے گا بلکہ بھاری جرمانے بھی کیے جائیں گے تاکہ دوسروں کے لیے مثال قائم ہو،انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے سرگرم مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے اور اب شفافیت کے ساتھ کام کیا جائے گا۔