اسلام آباد میں بائکیا اور ٹیکسی ڈرائیورز کی لازمی رجسٹریشن کا فیصلہ

رجسٹریشن کا عمل ضلعی انتظامیہ کی ایپ سے منتقل کرکے اسلام آباد پولیس کی ٹیکسی ویریفیکیشن ایپ پر کر دیا جائیگا
اسلام آباد (آن لائن)  وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بائکیا اور ٹیکسی چلانے والے افراد کی باقاعدہ رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس مشترکہ طور پر اقدامات کر رہی ہیں تاکہ رجسٹریشن کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق رجسٹریشن کا عمل ضلعی انتظامیہ کی ایپ سے منتقل کرکے اسلام آباد پولیس کی ٹیکسی ویریفیکیشن ایپ پر کر دیا جائے گا، جہاں ڈرائیور اور مسافر باآسانی اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کر سکیں گے۔رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ڈرائیورز کے لیے گاڑی یا موٹر سائیکل پر کیو آر کوڈ اسکرین پر آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ شہری اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے فوری طور پر ڈرائیور کی شناخت اور ویریفیکیشن حاصل کر سکیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز کے لیے ہر سواری اور سفر کی تفصیلات فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا۔ ڈرائیورز اسلام آباد پولیس کی ٹیکسی ویریفیکیشن ایپ پلے اسٹور سے باآسانی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔