کراچی(آئی این پی )کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات کے تدارک کے لیے ہیوی ٹریفک کی رفتار کی حد 30کلومیٹر فی گھنٹہ اور ڈرائیورز کے لیے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں ٹریفک مسائل پر اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، ضیا لنجار اور میئرکراچی مرتضیٰ وہاب سمیت دیگر حکام نے شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو تمام ہیوی وہیکلز چلانے والوں کے ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے اور تمام بڑی گاڑیوں میں ٹریکر اور ڈیش کیم کی تنصیب لازمی قرار دینے کی ہدایت بھی کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، محکمہ ٹرانسپورٹ، ایکسائز، لائسنسنگ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور نادرا کو منسلک کیا جائے گا، ٹریفک قوانین پرموثر اور ہم آہنگ عملدرآمد ممکن بنایا جائے۔