2025 کے دوران بچوں سے زیادتی کے مجموعی طور پر 3630 واقعات رپورٹ ہوئے
73فیصد کیسز پنجاب ، 21 فیصد کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے:غیر سرکاری تنظیم کی رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان میں بچوں کے اغوا اور زیادتی جیسے کیسز میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سال 2025 کے دوران بچوں سے زیادتی کے مجموعی طور پر 3630 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ملک میں بچوں کے اغوا اور جنسی زیادتی کے حوالے سے غیر سرکاری تنظیم ساحل کی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آ گئے۔رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں متاثرین میں 1924 یعنی 53 فیصد لڑکیاں جبکہ 1625 یعنی 47 فیصد لڑکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ 116 کیسز نومولود بچوں کے بھی رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران اوسطا ایک دن میں 9 سے زائد بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔غیر سرکاری تنظیم کے مطابق سال 2024 کے مقابلے میں بچوں سے زیادتی کے واقعات میں 8 فیصد یعنی 266 بچوں کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اغوا کے 1107، جنسی زیادتی کے 596، عصمت دری کے 522 اور بچوں کی گمشدگی کے 365 کیسز رپورٹ ہوئے۔اسی طرح زیادتی کی کوشش کے 195، بدفعلی کی کوشش کے 141، اجتماعی زیادتی کے 130 جبکہ اجتماعی زیادتی کے مزید 108 واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔