مارچ کی پٹرولیم ضروریات محفوظ کرلی گئیں‘غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں کو پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے گی
وزیر خزانہ کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس، ملک میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش قرار
اسلام آباد(آن لائن)وزیر خزانہ کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں ملک میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش قراردیا گیا اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا عوام کو گھبراہٹ میں پیٹرول خریدنے یا ذخیرہ کرنے سے گریز کرنا ہوگا۔اجلاس میں توانائی شعبے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، مارچ کے مہینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی تمام ضروریات پوری ہیں، موجودہ کارگو پلاننگ کے تحت ملک میں اپریل کے وسط تک فیول سپلائی یقینی بنائیں گے۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت کی جانب سے اپریل کے آخر تک فیول سپلائی بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ملک میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش قراردیا گیا اوراجلاس میں حکومت کا کسی ایک سپلائی روٹ پر انحصار کم کرنے کا فیصلہ ہوا۔۔دریں اثنء وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومتِ پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے)کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے اور حکومتی سیکیورٹیز کے علاوہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے گی جس پرانہیں پرکشش منافع دیا جائے گا‘اس امر کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم اقدام حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ مزید مضبوطی سے جوڑا جائے اور ایک محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل بینکاری نظام کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے۔۔انہوں نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ایک نمایاں ڈیجیٹل بینکاری سہولت ہے جس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے بینک اکانٹ کھول سکتے ہیں، حکومتی سیکیورٹیز اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور پاکستان میں جائیداد بھی خرید سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں مختلف جدید ڈیجیٹل بینکاری خدمات بھی دستیاب ہوتی ہیں۔