کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کی ہدایات پر نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا‘ آئی بی ہفتہ وار رپورٹ شہبازشریف کو پیش کرے گی
اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ایندھن کی بچت اور حکومتی سطح پر کفایت شعاری اقدامات کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ان اقدامات کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کو سونپ دی ہے۔ اس سلسلے میں کابینہ ڈویڑن نے وزیراعظم کی ہدایات پر باقاعدہ نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایندھن بچت اور کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کا باقاعدہ آڈٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس بیورو کو فیول کنزرویشن اقدامات کی جامع جانچ اور ان کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لینے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔کابینہ ڈویڑن کے مطابق آئی بی مختلف سرکاری اداروں میں نافذ کئے گئے ایندھن بچت اقدامات کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔