بدین میں 2گروپوں کے درمیان تصادم،6شہری جاں بحق، 7زخمی

 وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب، افسوس ہے برکتوں بھرے مہینے میں بھی لوگ خون بہانے سے گریز نہیں کرتے، مراد علی شاہ
کراچی (آئی این پی ) سندھ کے ضلع کیریو گھنور بدین میں 2گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6شہری جاں بحق اور 7زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانونی کارروائی کر کے رپورٹ دی جائے، شہریوں کی جان، مال اور عزت آبرو کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت پھیلانے والے عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔انہوں نے کہا افسوس ہے کہ برکتوں بھرے مہینے میں بھی لوگ ایک دوسرے کا خون بہانے سے گریز نہیں کرتے۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی بدین سے تفصیلات طلب کرلیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ فی الفور قانون شکن اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے، خوف اور دہشت پھیلانے والے عناصر کے خلاف آہنی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن اور قانون کی رٹ کے قیام کے لیئے علاقہ معززین اور معروف شخصیات کے کردار کو یقینی بنایا جائے۔