را دہشت گردوں کی ماں کاکردار ادا کررہی ہے، بھارتی میڈیا ٹرین واقعے پر پروپیگنڈا کررہا ہے، ہماری ایک سیاسی جماعت نے بھی پروپیگنڈا شروع کیا
بلوچستان میں کسی گرینڈ آپریشن کی ضرورت نہیں ،افغا ن عوام پاکستان کے ساتھ ہیں، لیکن وہاں کی حکومت پراکسی کا کردار ادا کررہی ہے، میڈیا سے گفتگو
فیصل آباد(آئی این پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے، را دہشت گردوں کی ماں کاکردار ادا کررہی ہے، سفاکانہ کارروائیوں کیلئے فنڈز اور اسلحہ فراہم کررہی ہے،بلوچستان میں کسی گرینڈ آپریشن کی ضرورت نہیں ہے۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کی سوچ اور خیالات آپس میں نہیں ملتے، ان سب کو را نے اکٹھا کیا ہے ۔پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں را کا ہاتھ ہے، بھارتی ایجنسی را دہشتگردوں کی ماں کا کردار ادا کررہی ہے، ، بھارتی ایجنسی مجرمانہ، سفاکانہ کارروائیوں کیلئے فنڈز اور اسلحہ فراہم کررہی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمسایہ ملک کی بہت مدد کی، پناہ گزینوں کی شکل میں سالہا سال ان کی میزبانی کی، افغانستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں، لیکن وہاں کی حکومت پراکسی کا کردار ادا کررہی ہے، افغانستان نے دہشتگردوں کو سہولتیں فراہم کی ہوئی ہیں، یہ افغانستان میں تیاری کے بعد دہشتگردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جس وقت دہشتگردی ہوئی اس کے ساتھ ہی بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا شروع کر دیا، ایسے لگ رہا تھا جیسے انہیں پہلے سے ہی اس واقعے کا پتہ تھا، ہماری ایک سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا نے بھی پروپیگنڈا شروع کیا۔ انہوں نے کہ سیکیورٹی فورسز نے چند گھنٹوں میں مسافروں کو بازیاب کرالیا، تمام مسافروں کو بازیاب کرایا جاچکا ہے، بھارتی میڈیا ٹرین واقعے میں لاپتا افراد کا پروپیگنڈا کررہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گرینڈ آپریشن کی ضرورت نہیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن آئے روز ہورہے ہیں، کوئی گرینڈ آپریشن نہیں ہوتا، فورسز دہشت گردوں کو جہنم واصل کررہی ہیں، فورسز کے جوان جانوں کے نذرانے بھی پیش کررہے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء اور غازیوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہئے، انشا اللہ دہشتگرد جلد نست و نابود ہوں گے۔