وزیراعلی کا ہسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کاحکم

 ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر مہیا کرنے کی ہدایت‘ ہارٹ کنسلٹنٹ اور سرجن ہفتے میں 2 بار ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں جاکر خدمات سرانجام دیں گے
مریضوں کو علاج کے لئے دوسرے شہر جانے کا کہنا ظلم ہے، اب ایسا نہیں ہوگا:وزیراعلی‘ محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر ٹیم کو شاباش 

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا ہسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کاحکم جاری کردیا۔رپورٹ کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے شعبے میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔وزیراعلی مریم نواز نے سرکاری ہسپتالو ں میں 2 روز کے ا ندر ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلی پنجاب نے ڈاکٹروں کو ریڈ اور بلیو کوڈ سسٹم کی ریہرسل او رٹریننگ کرانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں سی ایم ہیلتھ ویجیلنس اسکواڈ کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعلی نے ہر ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بچوں اور بالغ مریضوں کے لیے وینٹی لیٹر مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں مرحلہ وار اضلاع میں تربیت یافتہ ڈاکٹرز کی تعیناتی اور کیتھ لیب بنانے کے منصوبے کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلی پنجاب نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہارٹ کنسلٹنٹ اور سرجنز ہفتے میں 2مرتبہ ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں جاکر خدمات سرانجام دیں گے۔انہوں نے کہا  نہیں چاہتی کہ کوئی مریض دل کے علاج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے جان سے جائے۔وزیراعلی نے کہا  مرتے ہوئے مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے شہر جانے کا کہنا ظلم ہے، اب ایسے نہیں ہوگاوزیراعلی مریم نوازشریف نے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں درکار اسپیشلسٹ کی فہرست طلب کرلی۔دریں اثناء  مریم نواز نے پنجاب بھر میں محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر متعلقہ وزرا اور اداروں سمیت تمام ٹیم کو شاباش دی ہے ۔اپنے بیان میں وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پہلی بار انتظامات کے لحاظ سے بہترین ہی نہیں پر امن ترین محرم منعقد ہوا۔وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی صفائی کے ساتھ نفرت کی گندگی بھی مٹائی گئی ۔