نوح لائلز نے 150 میٹر ریس میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

نوح لائلز نے 150 میٹر ریس میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

امریکی اولمپک چیمپئن نوح لائلز  نے 150 میٹر ریس میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

جمہوریہ چیک کے شہر اوسٹراوا میں ہونے والی گولڈن اسپائیک میٹنگ میں 28 سالہ لائلز نے یہ فاصلہ صرف 14.67 سیکنڈز میں طے کیا، جو اس سے قبل جمیکا کے کشین تھامپسن کے 14.92 سیکنڈز کے ریکارڈ سے بہتر ہے۔یہ مقابلہ اس لحاظ سے بھی منفرد تھا کہ 150 میٹر کی ریس عالمی ایتھلیٹکس میں شاذ و نادر ہی منعقد کی جاتی ہے، جس نے اس ریکارڈ کو مزید نمایاں بنا دیا۔ریس کے بعد نوح لائلز نے کہا کہ اس فاصلے پر دوڑتے ہوئے آغاز اور رفتار کے درمیان توازن قائم کرنا مشکل ہوتا ہے، تاہم ان کی مجموعی کارکردگی تسلی بخش رہی۔

مقابلے میں جنوبی افریقہ کے سینسیفو ڈامبائل نے 14.78 سیکنڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ آسٹریلیا کے نوجوان ایتھلیٹ گوٹ گوٹ 14.96 سیکنڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔100 اور 200 میٹر کے عالمی مقابلوں میں بھی متعدد ٹائٹل جیتنے والے نوح لائلز نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی رفتار اور مہارت سے عالمی ایتھلیٹکس میں اپنی برتری ثابت کردی۔